اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سوات میں جلسے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کو کل طلب کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سوات میں جلسہ منعقعد کرنے پر پی ٹی آئی کے چیئرمین کو نوٹس جاری کردیا جس میں حکم دیا گیا ہے کہ وزیر اعظم 18مارچ کو ذاتی حیثیت میں یا قونصل کے ذریعے پیش ہوں۔ الیکشن کمیشن کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام پبلک آفس ہولڈرز کو سوات میں جلسہ کرنے سے روکا گیا تھا۔ وزیر اعظم نے روکنے کے باوجود سوات میں جلسہ کیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اگر وزیر اعظم 18مارچ کو پیش نہ ہوئے تو قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی نوٹس جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن وفاقی وزیرِ مواصلات مراد سعید اور ڈاکٹر امجد علی سمیت خیبر پختونخوا کے صوبائی وزرا کو بھی جاری کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سوات کا جلسہ خلافِ قانون تھا جس پر جواب طلبی کی گئی ہے۔