سنگاپور میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نئے اور سخت قوانین کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے تحت سنگاپور کے شہری اگر جان بوجھ کر کسی اور کے قریب کھڑے ہوئے تو انہیں 6 ماہ تک کی قید ہوسکتی ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق شہری ریاست نے وائرس کو قابو کرنے کے لیے نئے اقدامات کا سلسلہ متعارف کروایا ہے جس میں شراب خانے اور سینما بند کرنا اور بڑے اجتماعات پر پابندی شامل ہے۔ اس میں سے ایک اقدام کا مقصد ’سماجی فاصلہ‘ یقینی بنانا ہے جبکہ ایک میٹر سے کم فاصلے پر کھڑے ہونے پر پابندی ہے۔ قواعد کے مطابق عوام کو عوامی مقامات پر قطار میں دانستہ طور پر کسی فرد کے بہت قریب کھڑے ہونے یا بیٹھنے اور دوسرے شخص سے ایک میٹر سے کم فاصلے پر موجود نشست پر بیٹھنے سے منع کیا گیا ہے۔