کراچی: حکومت سندھ کے بلدیاتی بل کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت سندھ ایک کالا بلدیاتی قانون لے کر آئی ہے،حکومت سندھ کی کراچی کے ساتھ دشمنی سب کے سامنے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے کالے بلدیاتی بل پر دیگر جماعتوں سے رابطے کریں گے اور بلدیاتی بل کو عدالت میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے بلدیاتی بل واپس لینے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں سرداری اور زرداری نظام مسلط کررہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے بلدیاتی بل کے خلاف اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں،کراچی کےعوام کے حقوق کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔