سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے ورثا نے سرکاری زمین پر قبضےکی تردید کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق دی نیوز میں گزشتہ روزایک خبر میں آمنہ تاثیر اور سلمان تاثیر کے بچوں سےسرکاری زمین کی واگزاری سے متعلق خبر شائع ہوئی تھی اس خبر پر سلمان تاثیر کے ورثا کا بیان سامنے آیاہے جس میں انہوں نے واضح کیاہےکہ تاثیر خاندان کبھی کسی سرکاری زمین پرقابض نہیں رہا، مزید وضاحت کرتے ہوئے کہاگیا ہےکہ 23اکتوبر کو موضع سرائچ اور اسو تحصیل ماڈل ٹاؤن میں جس زمین کیلئے آپریشن کیاگیاوہ تاثیر خاندان کی زمین سے قریب واقع ہے ، تاثیر خاندان نے اپنی زمین پر دیوار کھڑی کی ہوئی ہےاور جس زمین کے واگزار کی خبر چلائی گئی وہ چار دیواری سے باہر ہے، لہٰذا تاثیر خاندان نے کبھی بھی ایسی کسی سرکاری زمین پر قبضہ کیا نہ ہی ملکیت کا دعویٰ کیاہے۔علاوہ ازیں پنجاب میں ایک سال سے بھی زائد عرصے تک اینٹی انکروچمنٹ آپریشن جاری رہااور کبھی بھی تاثیر خاندان کو کسی بھی سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضے کے حوالے سے آگاہ نہیں کیاگیا۔