محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر میں 7 جون سے اسکولز کھولنے کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا۔ بچوں کی حاضری 50 فیصد رکھی جائے گی۔ محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 7 جون سے صوبے بھر میں نجی اور سرکاری اسکول کھولے جائیں گے۔ طلبا کو 50 فیصد حاضری کے تحت بلایا جائے گا۔ کوئی بچہ لگا تار 2 روز اسکول نہیں آئے گا۔ نوٹی فیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متعلقہ اتھارٹیز کرونا ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد کرائیں گی۔ جب کہ اسکول آنے والے تمام ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے پاس کرونا ویکسین کا سرٹیفیکیٹ ہونا لازمی ہے۔ https://twitter.com/DrMuradPTI/status/1400480819928469507 واضح رہے کہ اس سے قبل این سی او سی کے اجلاس میں نویں ، دسویں اور انٹر کی کلاسز اور امتحانات لینے کا اعلان کیا گیا تھا۔ میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے امتحانات 10 جولائی کے بعد ہوں گے، صرف اختیاری مضامین کا امتحان لیا جائے گا۔ نویں دسویں کے امتحانات چار مضامین میں ہوں گے، امتحانات صرف اختیاری مضامین اور ریاضی کے لیے جائیں گے، نویں اور دسویں کے امتحانات میں باقی مضامین کے امتحانات نہیں لیے جائیں گے۔ او لیول کےبچوں کے خصوصی امتحانات 26 جولائی سے شروع ہوں گے۔ امتحانات کے بغیر گریڈز نہیں ملیں گے، دسویں اور بارہویں کے امتحانات پہلے ہوں گے، نویں اور گیارہویں کے امتحانات بعد میں ہوں گے، او لیول کے بچوں کے لیے کیمبرج نے اسپیشل امتحان کا فیصلہ کیا۔ سندھ چیئرمین انٹر میڈیٹ بورڈ و سربراہ انٹر بورڈز کمیٹی سندھ ڈاکٹر سعید الدین کے مطابق بورڈز کی امتحانات سے متعلق تیاریاں مکمل ہیں، جلد اختیاری مضامین سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔ میٹرک سائنس کا طالب علم طبیعیات (فزکس) اور ریاضی (میتھ) کا امتحان دے گا جب کہ جنرل گروپ کے طالب علم کے لیے اختیاری مضامین سے متعلق اعلان جلد کیا جائے گا۔ بارہویں جماعت میں انجینیرنگ کے طلبا فزکس، کیمسٹری، ریاضی کے پرچے دینگے، بارہویں میڈیکل گروپ کے طلبا فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی کے پرچے دینگے، بارہویں جنرل سائنس کے طلبا کمپیوٹر سائنس ، اکنامکس، شماریات کے پرچے دینگے جبکہ کامرس گروپ کے طلبا پرنسپلز آف کامرس ، شماریات، بزنس کے پرچے دینگے۔ لازمی مضامین جیسے اردو،اسلامیات، انگریزی وغیرہ کے امتحانات نہیں لیے جائیں گے۔ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر برائے وفاقی تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا کہ رواں سال امتحانات لازمی ہوں گے اور نویں اور دسویں کے صرف اختیاری مضامین کے پیپر لیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا تھا کہ نویں اور دسویں کے صرف چار مضامین کے امتحانات ہوں گے جب کہ 11 ویں اور 12 ویں کے صرف اختیاری مضامین کے امتحانات لیے جائیں گے۔