ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی ان دنوں سیاہ فام افراد کے خلاف چلائی جانے والی نسل پرست اور نفرت آمیز مہم کے خلاف بول رہے ہیں، انہوں نے 2019 میں پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے میچ کے دوران سرفراز احمد کے مخالف بیٹسمین اینڈل فیلوکووایو پر جملہ کسنے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ 2019 میں ڈربن کے مقام پر کھیلے جانے والے میچ کے دوران پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ساؤتھ افریقی بیٹس مین اینڈل فیلوکووایو پر ایسا جملہ کسا جو نسلی تعصب کے زمرے میں آتا ہے، ان کا میدان میں وکٹ کے پیچھے کھڑے ہوکر بولا گیا یہ جملہ سٹمپس میں لگے مائیک نے کیچ کیا اور پھر اس جملے کو پوری دنیا نے سنا جس کے بعد سرفراز پر ایسے جملے بولنے پر شدید تنقید کی گئی۔ https://twitter.com/ESPNcricinfo/status/1271143913357750272 بعد ازاں سرفراز احمد نے اپنی حرکت پر معافی بھی مانگ لی تھی مگر آئی سی سی نے سرفراز احمد پر اگلے 4 میچوں کی پابندی عائد کردی تھی۔ ڈیرن سیمی نے اس بھولے ہوئے واقعے کو ایک بار پھر تازہ کردیا، انہوں نے یہ واقعہ اس وقت دوبارہ یاد دلایا جب دو روز پہلے انہوں نے آئی پی ایل کے دوران اپنے خلاف بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے کسے جانے والے جملوں پر سب سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔ ڈیرن سیمی نے 2 روز قبل انکشاف کیا اور کہا تھا کہ مجھے آئی پی ایل کے دوران ایک ایسے لفظ سے پکارا جاتا تھا جس کا مطلب مجھے نہیں پتا تھا لیکن اب اس لفظ کا مطلب جان گیا ہوں اور یہ ایک توہین آمیز لفظ ہے جو ہمارے رنگ سے متعلق مذاق اڑانے کیلئے استعما ل کیا جاتا تھا۔ https://twitter.com/darensammy88/status/1271204984953192450 سرفراز احمد کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے ڈیرن سیمی نے کہا کہ میں نےسنا ہے سرفراز نے بھی ایک میچ میں اینڈل فیلوکووایو کو ایسے ہی ایک لفظ سے پکارا تھا، مجھے پورے معاملے کا نہیں پتا تھا نہ ہی یہ پتا تھا کہ یہ وہی لفظ ہے جو آئی پی ایل میں میرے لیے استعمال کیا جاتا تھا، مگر میں جانتا ہوں سرفراز نے اپنی اس حرکت پر معافی مانگی تھی۔ سیمی نے مزید کہا کہ میں اسی لیے اس واقعے پر بات کررہا ہوں چاہے کہنے والے کی نیت کسی کی دل آزاری نہ ہو مگر ہمیں اس عادت کو روکنا ہوگا، میں اسی لیے اپنے خلاف بولنے والے لوگوں سے بات کرنا چاہتا ہوں ، آئیں اور اس معاملے کو ختم کریں تاکہ جیسی صورتحال کا سامنا سرفراز کو کرنا پڑا آئندہ کسی کو بھی نہ کرنا پڑے، اگر آپ کے بولے ہوئے لفظ سے سامنے والے کی کسی بھی طرح ہتک ہوتی ہے تو آپ یہ لفظ استعمال نہیں کریں گے ، فل سٹاپ۔ https://youtu.be/TvrkgnRW1cM ڈیرن سیمی نے اپنی ٹویٹس میں کرکٹ بورڈز سے بھی درخواست کی ہے کہ سماجی بگاڑ سے نمٹنے کیلئے ایک ہوجائیں۔