کوئٹہ: بلوچستان کے شہر سبی میں ریلوے لائن پر دھماکے میں ٹرین کی 8 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔ سبی میں پنیر کے علاقے میں ریلوے ٹریک پر دھماکا ہوا ہے۔ڈی سی بولان آغا سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی 8 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جس کے نتیجےمیں 8 افراد کے ذخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ڈی سی بولان آغا سمیع اللہ نے ضلع کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو کی ٹیمیں بھی جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ دوسری جانب محکمہ ریلوے کے حکام نے کہا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کے بعد مچھ، سبی ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔