کراچی : رواں سال کا دوسرا اور آخری جزوی سورج گرہن آج ہوگا، پاکستان میں بھی سورج گرہن جزوی طور دکھائی دے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سورج گرہن یورپ، ایشیا کے مغربی حصے، شمالی افریقا اور مشرق وسطیٰ میں بھی دیکھا جائے گا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں سورج گرہن دوپہر 1 بج کر 58 منٹ پر شروع ہوکر شام 6 بج کر 2 منٹ پر ختم ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ سورج گرہن سہ پہر 4 بجے کے بعد ہوگا ، لاہور میں سورج گرہن سہ پہر 3 بجے کر 49 پر شروع اور 5 بجکر 20 پر ختم ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں سورج گرہن 3 بج کر 43 منٹ پر شروع اور اس کا اختتام 5 بج کر22 منٹ پر ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق کراچی میں سورج گرہن کا آغاز 3 بج کر 57 منٹ پر اور اختتام 5 بج کر 56 منٹ پر ہوگا۔ یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق سال 2022 میں 2سورج اور 2 چاند گرہن ہوں گے۔ آئندہ سورج گرہن اپریل 2023ء میں ہائبرڈ سورج گرہن کے دوران میں ہوگا۔ سورج گرہن صرف شمسی فلٹرز کے ذریعے محفوظ طریقے سے مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔فلکیات کے شوقین عام طور پر آسمانی مظہرکو دیکھنے کے لیے مخصوص چشمے کا انتخاب کرتے ہیں۔کھلی جگہوں سے سورج گرہن کا مشاہدہ کرنے کرنے والوں کومشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اندھے پن کے خطرے سے بچنے کے لیے سورج گرہن کے مخصوص چشمے پہنیں۔ خیال رہے کہ چاند کی زمین کے گرد گردش کے دوران ایسے مواقع آتے ہیں جب یہ سورج اور ہمارے سیارے کے درمیان آ جائے تو یہ سورج کی روشنی کو زمین تک پہنچنے سے روک دیتا ہے اور یوں سورج کو گرہن لگ جاتا ہے ۔ دوسرے لفظوں میں چاند زمین کی سطح پر اپنا عکس ڈال دیتا ہے۔