لندن: سابق وزیر داخلہ ساجد جاوید اور لیبر پارٹی کے پاکستانی نژاد خالد محمود نے برطانوی انتخابات میں اپنی نشستیں جیت لی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں پانچ سال کے عرصے میں تیسرے عام انتخابات میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، برطانیہ کے سابق وزیر داخلہ ساجد جاوید نے اپنی نشست جیت لی۔ ساجد جاوید نے مد مقابل روری شینن کو 23106 ووٹوں سے شکست دی۔ ساجد جاوید نے کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے عام انتخابات میں حصہ لیا۔ دوسری طرف لیبر پارٹی کے پاکستانی نژاد خالد محمود نے بھی برمنگھم سے اپنی نشست جیت لی ہے۔ تاہم لیبر پارٹی رہنما جیرمی کوربن نے عام انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے، انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ رات لیبر پارٹی کے لیے مایوس کن رہی۔ خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن نے بھی اپنی سیٹ جیت لی ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں پانچ سال کے عرصے میں تیسرے عام انتخابات میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، 650 میں سے 482 نشستوں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کنزرویٹو پارٹی 250 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ لیبر پارٹی 167 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ ایس این پی 41، ایس ایف 5، ایل ڈی 7، پی سی کو 2 نشستیں ملی ہیں۔ اب تک کے موصولہ نتائج کے مطابق کنزرویٹو پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہے۔