اسلام آباد: انٹیلی جنس بیورو کے سابق ڈائریکٹر جنرل آفتاب سلطان کو چیئرمین نیب تعینات کردیا گیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف امور پر غور کیا گیا ۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آفتاب سلطان کو نیب کا نیا چیئرمین تعینات کرنےکے لیے باضابطہ منظوری دے دی ۔ واضح رہے کہ آفتاب سلطان کا تعلق پولیس سروس سے تھا، وہ پولیس میں اعلیٰ عہدوں سمیت آئی بی کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے آفتاب سلطان نے پنجاب یونیورسٹی سے قانون کے شعبے میں گریجویشن کیا ، بعد میں کیمبرج یونیورسٹی سے ایل ایل ایم اور ایڈنبرگ یونیورسٹی سے فلسفہ قانون اور لیگل اسٹڈیز کے شعبے میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی ۔ آفتاب سلطان نے پولیس میں اپنے کیریئر کاآغاز 1977ءمیں بطور اے ایس پی پنجاب پولیس کیا تھا۔2002ء میں پرویز مشرف کے دورِ حکومت میں آفتاب سلطان ڈی آئی جی سرگودھا تعینات رہے۔2013ء کے عام انتخابات کے دوران آفتاب سلطان آئی جی پنجاب تعینات ہوئے۔ آفتاب سلطان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے دور میں انٹیلی جنس بیورو کے سربراہ رہ چکے ہیں ۔