پاکستان کے سابق نگراں وزیراعظم اور جنوبی پنجاب کے سینئر سیاستدان سردار بلخ شیر مزاری 94 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ رپورٹ کے مطابق سابق نگراں وزیراعظم سردار بلخ شیر مزاری طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے، وہ لاہور کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ سردار بلخ شیر مزاری سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب دوست محمد مزاری کے دادا ہیں، وہ 1928ء میں رحیم یار خان کے علاقے کوٹ کرم خان میں پیدا ہوئے تھے جبکہ 1993ء میں ملک کے نگراں وزیراعظم رہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سردار بلخ شیر مزاری کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق نگراں وزیراعظم بلوچستان اور پاکستانی سیاست کی قدآور شخصیت تھے، ملک و قوم کیلئے ان کی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی سردار بلخ شیر مزاری کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔