لوکسٹ مینجمنٹ کیلئے جون 2020 تک 500ملین روپے کی منظوری دی جاچکی ملتان: وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نے ریگستانی ٹڈی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے ۔ ٹڈی دل کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے نیشنل ایکشن پلا ن کی منظوری دی جاچکی ہے جو ڈیڑھ سال پر محیط ہے ۔حکومت پنجاب کے تحت لوکسٹ مینجمنٹ کیلئے جون 2020 تک 500ملین روپے کی منظوری دی جاچکی ہے ۔ٹڈی دل کے کنٹرول کیلئے وفاقی حکومت بھی 245 ملین روپے دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگریکلچر فارم ملتان میں ٹڈی دل کی سرولینس اور کنٹرول کیلئے حکومتی اقدامات بارے میڈیا کے نمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کی حکومت پیسٹی سائیڈ، سپرے مشینری اور ماہرین کے سلسلہ میں بھی حکومت پاکستان سے تعاون کررہی ہے ۔فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی حکومتیں مل کر اس ضرررساں کیڑے پر قابو پانے کے لئے مسلسل مانیٹرنگ اور کنٹرول آپریشن کر رہی ہیں۔صوبہ پنجاب میں پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ٹڈی دل کے کنٹرول کی سرگرمیوں کو لیڈ کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل نے 27 سال بعد پاکستان کا رُخ کیا ہے ۔ٹڈی دل گزشتہ سال جون میں رحیم یار خان اور بہاولپور کے چولستان ایریا میں رپورٹ ہوئی۔ فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ اور ایف اے او کے تحت سکھراور بہاولپور میں فیلڈ سٹاف اور چولستانی کمیونٹی کو تربیت فراہم کی۔