اسلام کا بنیاد پرستی کا درست مفہوم اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ، وائس چانسلر ملتان: شعبہ علوم اسلامیہ اور اسلامک ریسرچ سنٹر، بہاؤ الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے زیراہتمام ایک روزہ بین الاقوامی سیمینار بعنوان ‘‘تکثیری سماج ، جمہوریت اور فکر اسلامی سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمنصور اکبر کنڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ اسلام کا بنیاد پرستی کا درست مفہوم اجاگر کرنے اور اس کے وسیع تر دائرہ کار کو اپنانے اور منوانے کی بے حدضرورت ہے ، انہوں نے کہاکہ اسلام سیاسی نظام کی تازہ کاری پر یقین رکھتا ہے ۔ ریاست میں جمہوری نظام ہی کامیابی کا ذریعہ ہے ۔ علی گڑھ یونیورسٹی انڈیا سے آئے مہمان مقرر پروفیسر ڈاکٹر عبیداللہ فہد فلاحی نے اپنے خطاب میں تکثیری سماج ، جمہوریت اور فکر اسلامی میں سے ہر ایک پر قرآن و سنت کی روشنی میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مقاصد شریعت میں اہم ترین مقصد بنی آدم کو تکریم فراہم کرنا ہے ۔ اسلاف سے مقلدانہ استفادہ کے بجائے مجتہد انہ استفادہ ہونا چاہیے ۔ ممبر برٹش ایمپائر طحہٰ قریشی نے اسلام کی آفاقی حیثیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں معذرت خواہانہ رویہ کو ختم کرنا ہوگا۔ تکثیری سماج کو اقلیتوں کے حقوق کی تعلیم دینا عصر حاضر کی ضرورت ہے ۔