آئی ایم ایف کی جانب سے آنے والی مثبت خبروں نے بدھ کے روز کرنسی مارکیٹ میں روپے کو تگڑا کردیا اور ڈالر کی قدر میں کمی کا 24 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ گزشتہ 2 روز سے کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی تھی۔ بدھ کو کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوا تو انٹر بینک میں ایک ڈالر 238 روپے 38 پیسے کی سطح پر موجود تھا۔ ٹریڈنگ کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی دیکھی گئی ایک وقت میں ڈالر 14 روپے سستا ہوکر 225 روپے پر آگیا۔ مرکزی بینک کے مطابق کاروباری لین دین کے اختتام پر ڈالر 9 روپے 58 پیسے کمی کے بعد 228 روپے 80 پیسے کی سطح پر آگیا۔ بدھ کے روز مجموعی طور پر انٹر بینک میں روپے کی قدر میں 4.19 فیصد اضافہ ہوا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔ ڈالر 13 روپے 50 پیسے کمی کے بعد 226 روپے تک آگیا۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق ڈالر کی قدر تیزی سے نیچے آنے میں کچھ رکاوٹیں ہیں تاہم دوست ممالک اور آئی ایم ایف سے رقوم آنے پر ڈالر تیزی سے نیچے آسکتا ہے۔