وفاقی وزیر سے پرتگال کے سفیر پولو نیویز کی ملاقات ، کھیل و سیاحت پر گفتگو اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹرفہمیدہ مرزا سے پرتگال کے سفیر پولو نیویز نے جمعرات کو ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر کھیل و سیاحت کے فروغ کے حوا لے سے گفتگو کی گئی۔ وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پرتگال کے سپورٹس ہیروز کو پاکستان میں مدعو کرنے کے خواہاں ہیں، پرتگال اور پاکستان کے باہمی تعلقات کو مزید تقویت دینے کیلئے دونوں ممالک کو بھرپور کوشش کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ رونالڈو کو پاکستان آنے کی دعوت دینا چاہتے ہیں، یہ ہمارے کھلاڑیوں کیلئے حوصلہ افزا بات ہو گی، پاکستان سکواش، کرکٹ اور ہاکی میں پرتگال کو مدد فراہم کر سکتا ہے ۔ پرتگالی سفیر نے کہا کہ پرتگال کے تمام بڑے کلب کھیلوں کیسا تھ تعلیم کی سہولیات بھی فراہم کرتے ہیں، پاکستانی کھلاڑیوں اور کوچز کیلئے پرتگال میں دو ہفتے کیلئے تربیتی کیمپ کا بندوبست کیا جا سکتا ہے ۔