وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سوہنی دھرتی ریمیٹینس پروگرام کا افتتاح کردیا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ پروگرام کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے پر اضافی پوائنٹس دینا ہے، ہماری حکومت کو مشکل وقت ميں اوورسيز پاکستانیوں نے سپورٹ کيا، روشن ڈیجیٹل پروگرام کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی گھر بھی خریدسکتے ہیں، ان کیلئے مزید پروگرام لارہے ہیں۔ حکومت نے سوہنی دھرتی ریمیٹینس پروگرام کا آغاز کردیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے کبھی اپنی ایکسپورٹ پر توجہ نہیں دی، اس سال ہماری برآمدات بلند ترین سطح پر ہوں گی، پاکستان کے معاشی ماڈل پر ترقی کرنے والا سنگاپور آج کہاں پہنچ چکا ہے، معیشت بہتر ہونے لگتی ہے تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا دباؤ بڑھ جاتا ہے، صنعتوں کو فروغ ملے گا تو برآمدات بھی بڑھيں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ کرونا کی وباء کے باعث عالمی معیشت متاثر ہورہی ہے، کرونا وباء کے دوران پاکستان کی معاشی کارکردگی دیگر ملکوں سے بہتر رہی، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، ہماری حکومت کو مشکل وقت ميں اوورسيز پاکستانیوں نے سپورٹ کيا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سوہنی دھرتی ریمیٹینس پروگرام، پروگرام کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے پر اضافی پوائنٹس دینا ہے، اوورسيز پاکستانی سب سے زيادہ پيسہ پلاٹس پر لگاتے ہيں، بدقسمتی سے ماضی میں ان کے ساتھ بہت فراڈ ہوئے، روشن ڈیجیٹل پروگرام کے تحت اوورسیز پاکستانی گھر بھی خریدسکتے ہیں اور ریئل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں، ان کيلئے مزيد پروگرام لارہے ہيں۔ گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ سوہنی دھرتی ریمیٹینس پروگرام کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ریوارڈ بھی ملیں گے، اوورسيز پاکستانی اپنے علاوہ کسی بینیفشری کو بھی يہ ريوارڈ منتقل کرسکتے ہيں، پروگرام کيلئے موبائل ایپلی کيشن کا بھی اجراء کيا جارہا ہے، پہلی بار بينک گھر بنانے کيلئے قرض دے رہے ہيں۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے وژن کے تحت سمندر پار پاکستانیوں کیلئے پروگرام کا اجراء کیا، اس طرح کی مزيد اسکيمز بھی لاتے رہيں گے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پیسہ بھیجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو آج تک کسی نے ریوارڈ نہیں دیا، یہ ریوارڈ حکومت کی طرف سے اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ہے۔