کراچی: رواں سال کا آخری مکمل سورج گرہن کل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف اسپیس اینڈ سائنس ڈائریکٹر جاوید اقبال کے مطابق سورج گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10:29پر ہوگا جبکہ سورج کو مکمل گرہن دوپہر 12 بجے لگے گا۔ سورج گرہن کا اختتام دوپہر 2 بجکر37منٹ پرہوگا۔ ڈائریکٹر جاوید اقبال کے مطابق سورج گرہن پاکستان میں نظر نہیں آئے گا۔سورج گرہن امریکا، جنوبی امریکا، پیسیفک، اور انٹارکٹکا میں دیکھا جاسکے گا ۔ خیال رہے کہ چاند کی زمین کے گرد گردش کے دوران ایسے مواقع آتے ہیں جب یہ سورج اور ہمارے سیارے کے درمیان آ جائے تو یہ سورج کی روشنی کو زمین تک پہنچنے سے روک دیتا ہے اور یوں سورج کو گرہن لگ جاتا ہے ۔ دوسرے لفظوں میں چاند زمین کی سطح پر اپنا عکس ڈال دیتا ہے۔ دنیا بھر کے مختلف حصوں میں10 جون کوسال کے پہلا حلقہ نما (اینولر ) سورج گرہن کا نظارہ کیا گیا تھا ۔