بالی وڈ کے مقبول اداکار رنبیر کپور کو حاملہ اہلیہ اداکارہ عالیہ بھٹ کا مذاق اڑانا مہنگا پڑگیا۔ حال ہی میں رنبیر اور عالیہ نے اپنی آنے والی نئی فلم ’براہمسترا‘ کی تشہیر کے لیے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ دوران پروگرام میزبان نے عالیہ سے پوچھا کہ کیا آپ اپنی آنے والی فلم کی تشہیر کرتی دکھائی دیں گی؟ جس پر اداکارہ نے جواب دیا کیوں نہیں، میں کیوں نہیں اپنی فلم کی تشہیر میں نظر آؤں گی، اپنی فلم کو عوام میں پھیلاؤں گی۔ اسی دوران لفظ ’پھیلاؤ‘ پر رنبیر کپور عالیہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بے ساختہ بولا کہ ویسے میں دیکھ رہا ہوں کہ کوئی بہت زیادہ پھیل رہا ہے۔ رنبیر کے اس بے ساختہ جواب پر عالیہ حیران ہوکر ہنستے ہوئے اداکار کو دیکھنے لگیں ، رنبیر کپور فوراً سے عالیہ کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ صرف ایک مذاق تھا، آپ خوبصورت انداز میں پھیل رہی ہیں۔ https://www.instagram.com/p/ChZZficlv3q/?utm_source=ig_embed&ig_rid=d35170c3-fc9d-45d5-8588-8d43646e1ee0 تاہم عالیہ کے مداحوں کو رنبیر کپور کا یہ مذاق بالکل پسند نہیں آیا اور انہوں نے رنبیر پر خوب تنقید شروع کردی۔ سوشل میڈیا صارفین کے مطابق رنبیر کپور نے اپنی حاملہ بیوی کے جسم کا مذاق اڑایا جو انہیں نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ مذاق اخلاقیات سے گرا ہوا تھا۔