رحیم یار خان، جرگے کا نوجوان کو قتل کرنے کا حکم
شائع شدہ تاریخ 23 نومبر, 2019
پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں جرگے نے کاروکاری کے الزام میں نوجوان کو مبینہ طور پر قتل کرنے کا حکم دے دیا۔ متاثرہ خاندان نے تحفظ دینے کے لیے پنجاب حکومت سے مطالبہ کر دیا ہے۔ متاثرہ خاندان کے مطابق سردار گڑھ میں وڈیروں نے مبینہ طور پر جرگہ کیا اور کاروکاری کا الزام ثابت کیے بغیر نوجوان پر 5 لاکھ روپے نقد، 2 بکریاں اور ایک بھینس کا جرمانہ عائد کیا۔ متاثرہ خاندان کا مزید کہنا ہے کہ جرمانے کی ادائیگی کے بعد جرگے نے نوجوان کو قتل کرنے کا حکم دے دیا۔ متاثرہ خاندان نے رکن پور تھانے کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس بااثر افراد کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ دوسری جانب مقامی تھانے کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ملزمان کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔