تازہ ترین

ذخیرہ اندوزی کسی صورت قبول نہیں کی جائیگی :ڈپٹی کمشنر

ذخیرہ-اندوزی-کسی-صورت-قبول-نہیں-کی-جائیگی-:ڈپٹی-کمشنر

ڈکلیئر کے علاوہ گوداموں میں رکھا سٹاک ذخیرہ اندوزی کے زمرے میں آئیگا اشیائے خورونوش کی قلت نہیں،شہری افواہوں پر کان نہ دھریں،محمد علی کاخطاب فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا کہ ضلع میں دالیں،آٹا،چاول،چینی سمیت اشیائے خورونوش کی کوئی قلت نہیں ہے ۔شہری کو رونا وائرس کے ممکنہ خدشات کے حوالے سے اشیا ضروریہ کی کم یابی کی افواہوں پر کان نہ دھریں جبکہ دالوں کی نئی فصل بھی آئندہ ماہ مارکیٹ میں آجائے گی۔انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں اشیائے ضروریہ کے تاجروں سے میٹنگ کی اور کہا کہ اشیا ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی کسی صورت قبول نہیں لہٰذا تاجر سابق روایات کے تحت تعاون کرتے ہوئے وقفے وقفے سے موجود سٹاک سے ایکسٹرا ڈائریکٹر زرعی مارکیٹنگ کو آگاہ رکھیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈکلیئر کے علاوہ گوداموں میں رکھا گیا سٹاک ذخیرہ اندوزی کے زمرے میں آئے گا جس پر دفعہ 144کے تحت کارروائی ہوگی ۔ایس ایس پی آپریشنز سیدعلی رضا نے تاجربرادری کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی تعاون جاری رکھیں تاکہ کارروائی کی نوبت نہ آئے ۔اجلاس میں موجود تاجر رہنما محمد اسلم بھلی،میاں آصف اسلم،راؤ ہاشم،محمد شفیق و دیگر نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے سٹاک کو ڈکلیئر کرینگے ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میاں آفتاب احمد ،ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکڑ زراعت عبدالرحمن،ڈی او انڈسٹریز شہباز خاں و دیگر افسر بھی موجود تھے ۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں