جنوبی افریقہ کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ سنبھلنے کے بعد دوسرا روز شروع ہوتے ہی پھر لڑکھڑا گئی۔ راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے 145 رنز سے کھیل شروع کیا تو قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 77 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ فواد عالم 45 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں آدھی ٹیم 149 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی ہے۔ راولپنڈی ٹیسٹ میں دوسرے روز کا کھیل پاکستان کی جانب سے 145 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر شروع کیا گیا۔ پہلے روز کا کھیل بارش کے باعث جلدی ختم کر دیا گیا تھا۔ دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستان کا ٹاپ آرڈر نہیں چل سکا تھا۔ اوپنر عمران بٹ 15، عابد علی چھ اور اظہر علی کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے تھے۔ بائیس رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور فواد عالم نے پاکستان کی بکھرتی بیٹنگ کو سنبھالا تھا۔ بارش کے باعث پہلے روز 58 اوورز کا کھیل ہو سکا۔ جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ پاکستان کو دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔