کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج (جمعرات) یوم سیاہ منارہے ہیں تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جا سکے کہ وہ بھارت کے ان کے مادر وطن پر غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اس موقع پر بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج لوگ مکمل ہڑتال اور سول کرفیو نافذ کریں گے۔ 27اکتوبر1947ء کوبھارت کے غیرقانونی تسلط اور 5 اگست 2019ء کو مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی مذمت کے لیے آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیابھر میں آج احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے جائیں گے ۔ اس حوالے سے کُل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک بیان میں کشمیریوں سے کہا کہ دنیا کو پیغام دیں گے کہ وہ بھارتی غلامی سے کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کے حوالے سے اپنی مجرمانہ خاموشی توڑ کر کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خود ارادیت دلوانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔