خواتین مسائل کے باوجود میڈیا میں کام کر رہی ہیں، سلام پیش کرتی ہوں،رکن اسمبلی پریس کلب کے تحت خواتین صحافیوں کے اعزاز میں تقریب، امتیاز فاران ودیگر کاخطاب کراچی : کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام پیر کو خواتین صحافیوں کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران، سیکریٹری ارمان صابر ، جوائنٹ سیکریٹری ثاقب صغیر، خازن راجہ کامران، گورننگ باڈی کی رکن بینا قیوم ، سینئر خواتین صحافیوں، ارکان سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی اور شرمیلا فاروقی نے خطاب کیا۔ نصرت سحر عباسی نے کہا کہ کراچی پریس کلب کی جانب سے خواتین صحافیوں کے لیے پہلی مرتبہ ایوارڈ کا اہتمام اعزاز کی بات ہے ،آج کی خواتین بے پناہ مسائل کے باوجود میڈیا میں کام کر رہی ہیں، میں ان کو سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خواتین جھوٹ بولتی ہیں جو کہتی ہیں کہ مرد ہمارے حقوق کا تحفظ نہیں کرتے، مرد کے بغیر کوئی عورت ترقی نہیں کر سکتی۔ شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پریس کلب کی منتخب کابینہ اپنے ارکان اور خصوصاً خواتین ارکان کے لیے بہت کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں خواتین کا گھر سے نکل کر کام کرنا آسان نہیں لیکن اس کے باوجود بڑی تعداد میں خواتین شعبہ صحافت سے وابستہ ہیں۔ امتیاز خان فاران نے کہا کہ آج ان خواتین کی وجہ سے کراچی پریس کلب کی عزت ہے ، کراچی پریس کلب میں 154 سے زائد خواتین ممبر ہیں، دنیا کے کسی پریس کلب میں اتنی بڑی تعداد میں خواتین صحافی ممبر نہیں ہیں۔ کراچی پریس کلب آئندہ بھی خواتین اراکین کے لیے مزید تقریبات کا انعقاد کرے گا۔ پریس کلب کی جانب سے سینئر خواتین صحافیوں شمیم اختر، شیریں فاروق، سلمیٰ رضا، زبیدہ مصطفی سمیت دیگر کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔