تازہ ترین

خام تیل کی قیمت8سال کی بلندترین سطح پرپہنچ گئی

خام-تیل-کی-قیمت8سال-کی-بلندترین-سطح-پرپہنچ-گئی

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 8 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ یکم جنوری 2022 سے اب تک خام تیل کی قیمت میں 15 ڈالر فی بیرل تک کا اضافہ ہوچکا ہے جس کے بعد خام تیل کی قیمت 95.09 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔ اکتوبر 2014 کے بعد خام تیل کی یہ بلند ترین عالمی قیمت ہے اور ڈیڑھ ماہ کے دوران خام تیل کی قیمت میں 20 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان آج متوقع ہے۔ واضح رہے کہ 12 فروری کو عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 7 سال کی بلند ترین سطح 94 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی تھی اور پچھلے 2 روز میں قیمت میں 1.09 ڈالر کا اضافہ ہوچکا ہے۔ پاکستان میں حکومت ہر 15 روز بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظر ثانی کرتی ہے اور یکم اور 16 تاریخ کو نئی قیمتوں کا اطلاق ہوتا ہے۔ خام تیل کی قیمت بڑھنے کے اس رجحان کو ماہرین روس اور یوکرین کے مابین کشیدہ حالات کو قرار دے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں خدشات ظاہر کئے جارہے ہیں کہ روس سے یورپ کو تیل کی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے۔  عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت بڑھنے کی رفتار میں جمعہ کو تیزی آگئی جو ہفتہ کو بھی برقرار رہی، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمت میں 3 فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا اور ڈبیلو ٹی ایل 93.10 ڈالر فی بیرل جبکہ برینٹ خام تیل 95 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا، اگرچہ بعد میں کچھ ریکوری بھی آئی اور برینٹ خام تیل 94.44 ڈالر فی بیرل ہوگیا، خام تیل کی یہ قیمت گزشتہ 7 سال کی بلند ترین سطح ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں