حیدرآباد: فلیٹ میں آتشزدگی، خاتون سمیت 4 جاں بحق
شائع شدہ تاریخ 09 مارچ, 2020
حیدرآباد کے علاقے سائٹ ایریا میں ایک فلیٹ میں آگ لگ گئی، جس سے ماں اور 3 بیٹیاں جاں بحق ہوگئیں جبکہ ایک بیٹی جھلس کر زخمی ہوگئی۔ پولیس کے مطابق کسٹم ہاؤس کے قریب لیبر فلیٹس میں رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گھر میں موجود بیوہ خاتون جنت بی بی اور ان کی 3 بیٹیاں صنم، نیہا اور عاصمہ جاں بحق ہوگئیں۔ مقتولہ کی چوتھی 22 سالہ بیٹی ریشم جھلس کر زخمی ہوئی، جس کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ لاشوں کو بھٹائی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔