وفاقی وزير خزانہ شوکت ترين نے عوام کو خوشخبرياں سناديں، کہتے ہيں کل سے آٹا 55 روپے کلو اور چینی 90 روپے کلو ملے گی، گھی اور تيل کی قيمت ميں بھی 50 روپے فی کلو کمی ہوگی، غريب طبقے کو چینی، گھی، آٹے اور دالوں پر کيش سبسڈی دينے کا بھی اعلان کيا۔ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترين نے اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور معاون خصوصی برائے تحفظ خوراک اقبال چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ غریب طبقے کو چینی، گھی، آٹے اور دالوں پر کیش سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کل (23 ستمبر) سے عوام کو آٹا 55 روپے، چینی 90 روپے فی کلو فروخت کی جائے گی، گھی اور تيل کی قيمتوں ميں بھی 50 روپے کلو کمی ہوگی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی ميں قيمتيں بڑھيں لیکن عوام پر اتنا بوجھ نہيں ڈالا۔ شوکت ترين کے نزديک ملکی معيشت درست سمت ميں جارہی ہے، ان کا کہنا ہے کہ ڈر لگنے لگا ہے کہ معيشت کہيں اوور ہيٹ نہ ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کہيں نہيں جارہے، وزير خزانہ کے عہدے پر ہی رہيں گے، وزيراعظم نے سينيٹر بنانے کا وعدہ کيا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک میں خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے کمپنیوں کو ٹیکس کی چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، چینی کی قیمت 89 روپے 75 پیسے فی کلو گرام مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اگلے ماہ معاشرے کے نادار طبقوں کے ایک کروڑ 25 لاکھ گھریلو صارفین کیلئے چینی، آٹے، گھی اور دالوں پر براہ راست نقد سبسڈی فراہم کرنے کا ایک پروگرام شروع کررہی ہے جو پوری آبادی کا 40 سے 42 فیصد ہیں۔ معاون خصوصی فوڈ سيکيورٹی جمشيد چيمہ کہتے ہيں کہ فلور ملوں نے آٹا 55 روپے فی کلو فروخت کرنے پر اتفاق کيا ہے، غریب طبقے کو آٹا 43 روپے میں دیا جائے گا، میڈیا زیادہ قیمت پر آٹا فروخت کرنے والوں کی نشاندہی کرے، سخت کارروائی کریں گے، قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے نئی فورس کا سسٹم لارہے ہیں۔