صنعتی زونز سے تجاوزات ختم کی جائیں گی، قبضہ مافیا کے خلاف سخت آپریشنہو گا کراچی : سندھ کے وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صنعت کاروں کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے سنجیدہ ہے ۔ صنعتی زونز سے تجاوزات ہر صورت ختم کی جائیں گی اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت آپریشن کیا جائے گا۔ اپنے دفتر میں سائٹ سپر ہائی وے ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے وفد سے ملاقات میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کا معاملہ ایک مدت سے معرض التوا میں ہے یہ منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ کراچی میں فورتھ جنریشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام میں سندھ حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔ وفاق کو صنعتوں کی بحالی پر متوجہ ہونا چاہیے ۔ صنعتی تباہی کا مطلب بدحالی میں اضافہ ہے ۔ بھاری ٹیکسز اور توانائی کی لوڈ شیڈنگ نے صنعتوں کی کمر توڑ دی ہے ۔ اس کے نتیجے میں بے روزگاری بڑھی ہے ۔ اٹھارہ ماہ سے کاروباری طبقہ بالخصوص صنعت کار شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث افسوس ہے کہ وفاقی حکومت نے صنعتکاروں کے مسائل سے مکمل طور پر کنارہ کرلیا ہے ۔وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے کیونکہ صنعتوں کی تباہی کا مطلب ملک کی بدحالی ہوگا۔