لاہور: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے تاجروں کیساتھ معاہدے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ خریداری پر شناختی کارڈ کی شرط 31 جنوری تک موخر کر دی گئی ہے۔ تاجر نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کے لیے کاروبارمیں آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔ ان کے مسائل کے حل کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں خصوصی ڈیسک قائم ہوگا۔ حکومت کی ہر پالیسی کا محور عوام ہیں۔ تاجروں سے جائز ٹیکس وصول کریں گے۔ اس سے قبل تاجر رہنما کاشف چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 کروڑ تک سالانہ سیلز والے تاجروں کو ود ہولڈنگ ایجنٹ نہیں بنایا جائے گا، سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیلئے بجلی کے بل کی حد 12 لاکھ سالانہ ہوگی، 10 کروڑ تک سالانہ سیلز پر ٹرن اوور ٹیکس کی شرح 0.5 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ تاجر رہنما نے مزید کہا کم منافع والے ہول سیلرز کیلئے ٹرن اوور کی شرح کو کم کیا جائے گا، مسائل کے حل کیلئے تاجر نمائندگان کی کمیٹیاں بنائیں گے، نئی رجسٹریشن اور ٹیکس ریٹرن فارم اردو میں مہیا کیا جائے گا۔