لاہور : فاسٹ بولر حسن علی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج نوٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔ تاہم فاسٹ باؤلر حسن علی میچ سے قبل ہی انجری کا شکار ہوگئے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے مطابق فاسٹ بولر حسن علی بائیں ٹانگ میں کھنچاؤ محسوس کر رہے ہیں ، جس کی وجہ سے حسن علی کو احتیاط کے طور پر آج آرام تجویز کیا گیا ہے ۔ پی سی بی کے مطابق میڈیکل پینل دوسرے ٹی ٹونٹی میچ سے قبل حسن علی کا دوبارہ جائزہ لے گا۔ جس کے بعد ان کی میچ میں شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے دیگر 2 ٹی ٹوئنٹی میچز 18 اور 20 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ اس سے قبل تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کوئی بھی میچ جیت نہیں سکی تھی۔