لاہور : حج آپریشن 2022 کا آغاز ہوگیا، لاہور سے پہلی پرواز 220 عازمین حج کو لے کر مدینہ روانہ ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق ائیربلیو کی پرواز پی اے 476 کے زریعے 220 حجاز اکرام حجاز مقدس جارہے ہیں ، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے لاہور ایئرپورٹ سے عازمین کو رخصت کیا جبکہ اسلام آباد سے بھی پہلی حج پرواز روانہ ہوگئی۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق 106 فلائٹس کی مدد سے 32 ہزار عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا جس میں اسلام آباد سے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 42 پروازیں چلائی جائیں گی۔ فلائٹ شیڈول وزارت مذہبی امور کی خصوصی ویب سائٹ http://flight.inquiry.hajjinfo.org/ پر آویزاں کر دیا گیا ہے اور اس کے علاوہ عازمین حج کو رجسٹرڈ موبائل نمبرز پر میسج جاری کر دئیے گئے ہیں۔ وزارت کی جانب سے عازمین حج کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پریشانی سے بچنے کیلئے شیڈول پر سختی سے عمل کریں ، عازمین حج جاری شیڈول کے مطابق قریبی اعتماد سینٹر سے بائیو میٹرک کروائیں ، عازمین لازمی ویکسینز، شناختی لاکٹ، پاسپورٹ، حج ویزہ، ٹکٹ، کلائی پر باندھے جانے والے شناختی بینڈ کے حصول کیلئے حاجی کیمپ رابطہ کریں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے رواں سال کے لیے جاری کیے گئے حج کوٹہ کے مطابق سال 2022 میں 10 لاکھ ملکی اور غیر ملکی افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔