قادیانیوں کو مسلمان تسلیم کرنے کی فضا ہموار کی جا رہی ہے ، سازش ناکام بنائیں گے ،اسد بھٹو ادارہ نور حق میں ہنگامی اجلاس سے قاضی احمد نورانی، حسین محنتی، عمران سلفی اور دیگر کا خطاب کراچی : ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں صوبائی کونسل کا ہنگامی اجلا س ہوا، ملی یکجہتی کونسل نے حج فارم میں تبدیلی کو مسترد کر دیا۔کونسل نے دہلی و کشمیر میں بھارتی مظالم، مساجد و مقدس مقامات کو نشانہ بنانے ، کشمیر میں کئی ماہ سے کرفیو، ملک میں مدارس کے حوالے سے اقدامات، نصاب سے اسلامی اور قرآنی مضامین نکالنے کی شدید مذمت کی۔ اجلاس کے شرکا نے حکومت پر زور دیا کہ وہ پرانے حج فارم واپس لائے اور حساس مسئلے پر عوام کی مذہبی عقیدت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اقدامات کرے ۔ رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات سے قادیانی بھی مسلمانوں کی مقدس سرزمین پر پہنچ سکتے ہیں۔ صاحبزادہ ابو الخیر نے کہا کہ حج فارم میں تبدیلی سمیت دیگر اقدامات ملک کو سیکولر اور لبرل بنانے کی سازش ہیں، ہر آنے والے دن کے ساتھ دینی طبقہ کی آزمائش میں اضافہ ہورہا ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے تمام مذہبی جماعتوں کو ایک پیج پر لائیں۔اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ حج فارم میں تبدیلی کرکے قادیانیوں کو مسلمان تسلیم کرنے کی فضا ہموار کی جارہی ہے ، عوام اور علما ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے ، مساجد و مدارس کے خلاف سازشیں کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔اس موقع پر قاضی احمد نورانی، محمد حسین محنتی، مولانا عبد الوحید، عقیل انجم قادری، برجیس احمد، مولانا کلیم اللہ نعمان، مولانا ساجد جعفری، اصغر شہیدی،مولانا عابد رضا عرفانی، عمران احمد سلفی، حشمت اللہ صدیقی، راجا عارف سلطان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔