ممبئی کروز شپ منشیات کیس میں ضمانت ملنے کے بعد شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کی پہلی ویڈیو منظر عام آگئی۔ بھارتی فوٹوگرافر کی جانب سے آریان خان کی پہلی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں منشیات کیس کے سلسلے میں این سی بی دفتر جاتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔ ممبئی ہائیکورٹ نے آریان کو ضمانت دینے کی شرائط میں ہر جمعہ کو این سی بی دفتر میں پیش ہونے کی شرط بھی عائد کررکھی ہے۔ آریان کی این سی بی دفتر میں پیشی کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں جب کہ آریان کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے شاہ رخ کے باڈی گارڈ بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ این سی بی دفتر میں پیشی کے دوران میڈیا نمائندگان نے آریان سے بات کرنے کی کوشش کی لیکن وہ کسی سے بات کیے بنا چلے گئے۔ آریان کی ضمانت کی شرائط میں یہ شرط بھی شامل ہے کہ وہ کیس کے سلسلے میں کسی میڈیا پلیٹ فارم یا سوشل میڈیا پر کوئی بات نہیں کریں گے۔ خیال رہے کہ این سی بی نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا جس کے بعد ان کی ضمانت 25 دن بعد منظور ہوئی تھی۔