لاہور: جمیعت علما اسلام کا آزادی مارچ کل بروز منگل لاہور میں داخل ہوگا۔ آزادی مارچ کا استقبالیہ کیمپ ٹھوکر نیاز بیگ پر لگایا جائے گا۔ ٹھوکر سے بذریعہ ملتان چونگی آزادی مارچ کی ریلی یتیم خانہ چوک پر پہنچے گی۔ یتیم خانہ چوک پر آزادی مارچ کا استقبال پیپلز پارٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔ لاہور آزادی مارچ کی مرکزی تقریب چوک چوبرجی پر ہوگی۔ مرکزی تقریب کا اہتمام مسلم لیگ ن کی جانب سے کیا جائے گا۔ چوبرجی میں مولانا فضل الرحمان مرکزی تقریب سے خطاب کریں گے ۔ چوبرجی سے آزادی مارچ داتا صاحب کی طرف روانہ ہوگا ۔ داتا دربار سے آزادی مارچ کی ریلی بتی چوک کی طرف روانہ ہوگی جہاں ریلی کا استقبال جمیعت اہل حدیث کرے گی ۔ آزادی مارچ کے سرکا کل لاہور میں ہی قیام کریں گے ۔ لاہور میں قیام کے بعد آزادی مارچ بدھ کو اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگا ۔ دوسری جانب آزادی مارچ کی لاہور آمد سے قبل محکمہ داخلہ پنجاب نے مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا ۔ محکمہ داخلہ پنجاب میں بنائے گئے مرکزی کنٹرول روم کی سربراہی سپیشل سیکرٹری احسان بھٹہ کریں گے۔ مرکزی کنٹرول روم سے صوبے کے تمام اضلاع کے اندرونی اور بیرونی مانیٹرنگ کی جائے گی۔