اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور شالیمار نے سگیاں میں چھاپہ مارا، فیکٹری مالک گرفتار، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مختلف پوائنٹس سیل ، 20 منافع خور پکڑے گئے لاہور : جعلی ہینڈ سینی ٹائزر بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا اور 17000 سینی ٹائزر بنانے کا مواد قبضے میں لے لیا گیا۔ اس کے علاوہ بھاری مقدار میں تیار شدہ مال ضبط کر لیا گیا۔ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری اور اسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی مالوف نے سگیاں کے مقام پر کی۔ فیکٹری کو سیل کر دیا گیا اور جعلی ہینڈ سینی ٹائزر بنانے والی فیکٹری کے مالک کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مختلف پوائنٹس کو سیل کر دیا ۔سینکڈ کپ ،چائے جنکشن ،تندوری ٹی ، بار قصوری روڈاورباسکن رابن آئس کریم پارلر کو سیل کر دیا گیا ۔ کارروائیاں مین بلیوارڈ، حسین چوک، گلبرگ روڈ اور قصوری روڈ پر کی گئیں۔ ادھردفعہ 144 کی خلاف ورزی پر اب تک156 ملزموں کو گرفتار کر کے 36مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔اقبال ٹاؤن ڈویژن سے 28، صدر ڈویژن 22،سول لائنز35،سٹی ڈویژن 50جبکہ کینٹ ڈویژن سے 21ملزم گرفتار کئے گئے ۔لاہور پولیس نے کورونا وائرس کے حفاظتی انتظامات کے پیش نظر مہنگے داموں ماسک اور سینی ٹائزرفروخت کرنے والے منافع خور مافیا کیخلاف ایکشن کے دوران 20 ملزم گرفتار کئے گئے ۔