تازہ ترین

جسٹس فائزعیسیٰ کیس: تنقید کرنے والوں کیخلاف کارروائی کاعندیہ

جسٹس-فائزعیسیٰ-کیس:-تنقید-کرنے-والوں-کیخلاف-کارروائی-کاعندیہ

نامزد چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں فیصلے پر تنقید کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ چیف جسٹس گلزاراحمد کی ریٹائرمنٹ پراُن کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ غربت، بیروزگاری اور آبادی میں اضافے کے مسائل حل کرنے کیلئے اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنا ہوگا جہاں بھی ضرورت ہوگی عدالت اپنا کردار ادا کرے گی۔ نامزد چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کے فیصلے کے خلاف سوشل میڈیا پر طوفان مچا دیا گیا ہے، کہا ججز کی ذات پر تنقید غیرآئینی،غیرقانونی اور غیراخلاقی ہے۔ بار ججز پر تنقید کے خلاف اپنا کردار ادا کرے اس سے پہلے کہ عدالت نوٹس لے۔ فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل خالد جاوید کا کہنا تھا کہ بار اور بینچ میں ایسی شخصیات موجود تھیں جنہوں نے طاقت کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے، کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ آئین توڑنے والا سزا پا کربھاگ جائے گا۔ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ 2007 میں عدلیہ متحد ہوتی تو اسے کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی تھی مگر ادارہ اندر سے ہی تقسیم ہو تو عوامی حمایت نہیں مل سکتی۔ فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے بغیر کسی خوف اور دباؤ کے بطور چیف جسٹس اپنا فرض ادا کیا۔ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں جسٹس عائشہ ملک کی تعیناتی کوتاریخی اقدام قرار دے کر فرائض کی انجام دہی میں معاونت پر ساتھی ججز اور عملے کا شکریہ بھی ادا کیا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں