اسلام آباد: چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جب سے چور حکمران بنے ہیں، مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ حکومت قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں پونے 4 سال تک ملک پر حکمرانی کرنے والے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، کبھی پیٹرول، ڈیزل، بجلی اور گیس کی قیمتیں اس طرح نہیں بڑھیں۔ بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جب سے چور اوپر آئے، تاریخی مہنگائی ہوگئی ہے۔ آئی ایم ایف نے ہمیں بھی قیمتیں بڑھانے کا کہا لیکن ہم نے نہیں بڑھائیں۔ واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ قبل ازیں سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت میں آقا کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی، شریف خاندان مودی سے اپنے تعلقات توڑ کر سخت ایکشن لے،اگر 4 عرب ممالک سخت ایکشن لے سکتے ہیں تو پاکستان بھی لے۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں وکلاء کنونشن سے خطاب میں کہا کہ میں نے تو سنا تھا تھوڑے سے لوگ آئیں گے، آپ لوگوں نے تو جلسہ کر دیا ہے، مجھے حکومت مخالف تحریک میں وکلا کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔