پاکستان کی جانب سے 226 انٹرنیشنل میچز میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والی سابق کپتان ثناء میر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سابق کپتان ویمن کرکٹ ٹیم ثناء میر نے 15 سالہ شاندار کیرئیر کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔ اس موقع پر ثناء میر کا کہنا تھا کہ پاکستا ن کی نمائندگی کرنااور گرین جرسی پہننا قابل فخر لمحہ ہے، میں پی سی بی کی مشکور ہوں جس نے مجھے ملک کی نمائندگی کا موقع دیا۔ثناء میر نے کہا کہ وہ سپورٹ اسٹاف، کھلاڑیوں، گراؤنڈ اسٹاف اور ہر اس فرد کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے پس پردہ رہ کر ان کی کامیابی اور ویمنز کرکٹ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے اہلخانہ اور مینٹورز کا بھی شکریہ ادا کرتی ہیں جن کے غیرمشروط تعاون نے انہیں عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی سے متعلق خواب کو حقیقت میں بدلنے میں مدد دی۔ ثناء نے کہا کہ وہ اس موقع پر اپنے ڈیپارٹمنٹ، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی بھی مشکور ہیں جنہوں نے پورے کیرئیر میں ان کا ساتھ دیا اور اگر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ جاری رہتی ہے تو وہ اس کے ساتھ کام کرتی رہیں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران وہ خواتین کرکٹ کی چند بہترین کھلاڑیوں سے ملیں اور ان سے گہری دوستی قائم ہوئی، انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کی کہانیاں اور فلسفہ نے نہ صرف انہیں ایک مضبوط ایتھلیٹ بننے میں مدد کی بلکہ انہیں ایسا سبق دیا جو ہار، جیت یا کھیل سے منفرد ہے۔ثناء میر نے کہا کہ جب وہ اپنے کیرئیر پر نظر ڈالتی ہیں تو انہیں یہ جان کر اطمینان نصیب ہوتا ہے کہ وہ ایک ایسے عمل کا حصہ رہی ہیں جس کے نتیجے میں پہلے لارڈز میں کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2017 کا فائنل کھیلا گیا اور پھر آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2020 کا فائنل 87 ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ جیسے ٹورنامنٹس پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا جیسی ٹیموں کے لیے بہت فائدہ مند ہیں کیونکہ ان ممالک کی خواتین کھلاڑیوں کو ان مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں مجھے سوچنے کا بھرپور موقع ملا ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ اب زندگی میں آگے بڑھنے کا بہترین وقت ہے، میری جانب سے پاکستان کرکٹ کی خدمت کا سلسلہ کسی اور انداز میں جاری رہے گا۔ثناء میر نے کہا کہ آخر میں وہ دنیا بھر میں موجود اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مداحوں نے 15 سالہ طویل کیرئیر میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خاننے کہا کہ وہ ثناء میر کے شاندار کیرئیر پر پی سی بی کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہیں، ثناء نے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر کیا ہے۔وسیم خان نے کہا کہ ثناء نہ صرف ایک طویل عرصہ پاکستان کی خواتین کرکٹ کا چہرہ رہیں بلکہ نئی نسل کے لیے ایک قابل تقلید ایتھلیٹ بھی ہیں۔ثناء میر نے اپنے جذبے اور لگن سے ملک میں موجود دیگر خواتین کرکٹرز کے لیے راہ ہموار کی۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ثناء میر خواتین کرکٹ کی ایک حقیقی لیجنڈ ہیں جو نئی کھلاڑیوں کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ کھیل کی طرف راغب بھی کرتی ہیں، انہیں یقین ہے کہ وہ مستقبل میں بھی خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک مثبت انداز میں اپنا حصہ ڈالتی رہیں گی۔