تین ماہ بعد لاپتہ بچہ مل گیا، والدین سے ملن کے جذباتی لمحات
شائع شدہ تاریخ 18 اپریل, 2026
وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر قائم سیف سٹی اتھارٹی کے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گمشدہ بچے کو اس کے والدین سے ملا دیا۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والا خصوصی بچہ، مزمل 27 دسمبر 2025 کو گھر سے اکیلا نکلا اور لاپتہ ہوگیا تھا۔
گمشدہ بچے کا کیس فوری طور پر سیف سٹی کے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی میں رجسٹر کیا گیا، جہاں اس کی تمام معلومات جدید سسٹمز میں درج کردی گئیں۔
سیف سٹی ٹیم نے بچے کی تلاش کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھیں۔ تین ماہ کی انتھک محنت کے بعد 9اپریل 2026 کو اکبری گیٹ کے قریب نصب فیشل ریکگنیشن کیمروں نے ایک الرٹ جاری کیا، جس سے بچے کی شناخت ممکن ہوئی۔
بعد ازاں لائیو ٹریکنگ اور قریبی پولیس ٹیم کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں بچے کو لارنس روڈ سے بحفاظت تحویل میں لے کر اسے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سیف سٹی کے جدید کیمرے نہ صرف جرائم کی روک تھام میں مؤثر ہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے لاپتہ افراد کو ان کے اہل خانہ سے ملانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔