برطانیہ، امریکا، اٹلی ودیگر ممالک سے 200مقررین اور مصنف شریک ہونگے آرٹ نمائش اور 22 کتابوں کی رونمائی ہو گی، ارشد سعید،احمد شاہ ودیگر کی پریس کانفرنس کراچی: آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے زیر اہتمام تین روزہ 11 واں کراچی ادبی میلہ 28 فروری سے مقامی ہوٹل میں شروع ہوگا جو یکم مارچ تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں پاکستان، برطانیہ، امریکا، فرانس، جرمنی اور اٹلی سے 200مقررین اور مصنف شرکت جبکہ ولیم ڈلری مپل اور زاہدہ حنا کے ایل ایف کی افتتاحی تقریب اور اہداف صوفی و حارث خلیق اختتامی تقریب میں کلیدی خطاب کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد سعید نے آرٹس کونسل میں پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ ادبی میلے میں 80 سے زائد سیشنز ہوں گے جن میں مذاکرات، پینل ڈسکشن، اُردواور انگریزی مشاعرہ، ریڈنگ ، پرفارمنگ آرٹ، دستاویزی فلمیں پیش کی جائیں گی،22 کے قریب کتابوں کی رونمائی ہوگی۔ کے ایل ایف کے 11ویں ایڈیشن میں پرفارمنس، شاعری اور ‘میڈیا لٹریسی اور غلط معلومات پر ورکشاپ ہوگی ۔فیسٹیول میں ’’آہنگ: دنیا بھر میں جنگ کے خلاف پر امن احتجاج‘‘ کے عنوان سے ایک آرٹ نمائش بھی ہوگی جس میں ویڈیو اور نیا میڈیا آرٹ پیش کیا جائے گا۔ارشد سعید نے مزید کہاکہ کراچی لٹریچر فیسٹیول کا مقصد نہ صرف پاکستان کی ادبی علمی شخصیات بلکہ بین الاقوامی سطح پر تخلیقی ذہنوں کو ایک جگہ اکٹھا کرنا ہے ،کے ایل ایف ایڈوائزری بورڈ کے اراکین منیزہ شمسی، مجاہد بریلوی، سلمان طارق قریشی، مائیکل ہوگلس اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ سمیت دیگر معروف ادبی شخصیات نے بھی پریس کانفرنس میں شرکت کی۔