مظفرآباد : وزیراعظم شہبازشریف نے تنازع کشمیر پر پاکستان کے مؤقف اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ 75 سال میں خون کی ندی بہہ گئی مگر کشمیری اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹے۔ اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری انوار الحق، اے پی ایچ سی کے رہنما محمود احمد صغیر، الطاف حسین وانی، محمد حسین خطیب، فیض احمد نقشبندی، سید یوسف نسیم، منظور احمد الیاس اور ضیاء حسین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزراء خواجہ سعد رفیق، رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، مرتضیٰ جاوید عباسی اور وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔ اے پی ایچ سی کے وفد نے وزیراعظم کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی آزاد جموں و کشمیر میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر موجودگی اور کشمیر کاز کے لیے ایک اچھا اشارہ تھا۔ انہوں نے عالمی برادری کے سامنے بھارت کے مظالم اور جارحیت کو بے نقاب کرنے اور دنیا بھر میں کشمیری عوام کی آواز اٹھانے پر وزیراعظم کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا دورہ کشمیر کاز پر ان کی ذاتی ترجیح کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے مظفرآباد آمد پر یادگار شہدا پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔