گجرات: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خا ن کہتے ہیں تم جو مرضی کرلو، یہ میچ نہیں جیت سکتے۔ جمعہ کے روز گجرات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ قوم میں پہلے شعور آتا ہے اس کے بعد انقلاب، خوددارقوم کبھی کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتی، ہم نے سب سے پہلے انصاف کا نظام ٹھیک کرنا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا میں اس لئے قبول نہیں کہ ایبسولٹلی ناٹ کہتا ہوں، اپنے لوگوں کے لیے آزاد خارجہ پالیسی بنانا چاہتا تھا، مجھے ڈر ہے امپورٹڈ حکومت ہمیں کسی اور جنگ میں نہ دھکیل دے۔ اگر بھارت روس سے 40 فیصد کم قیمت پر پٹرول خرید سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں لے سکتےِ؟ روس ہمیں 40 فیصد سستا تیل دے تو کیوں نہ خریدیں؟ اُن کا کہنا تھا کہ یہ آئے روز کہتے تھے کہ عمران خان نے پاکستان کو آئی ایم ایف کو بیچ دیا، اللہ الحق ہے، سچ سامنے آکر رہتا ہے، شوکت ترین نے کہا سیلاب آگیا ہے صوبے کیسے پیسے اکٹھے کرکے وفاق کو دیں گے، ن لیگ نے کہا ان کے اوپر توہین آئی ایم ایف لگانی چاہئے، شوکت ترین کو غدار بنا دیا، جب یہ اقتدار سے باہر تھے تو آئی ایم ایف برا تھا اب جب اقتدار میں ہیں تو آئی ایم ایف اچھا ہوگیا، ایسے ہوتے ہیں منافق۔ عمران خان نے کہا اِنہوں نے 4 مہینے میں پٹرول 80 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 100 روپے اضافہ کردیا، ان سے پوچھو تو کہتے ہیں قیمتیں اس لیے بڑھائیں کیونکہ آئی ایم ایف کا حکم تھا۔ آئی ایم ایف کے پروگرام میں تو ہم بھی تھے، ہم نے تو کبھی اس طرح کی مہنگائی نہیں کی۔ ہمارے دور میں مہنگائی کی شرح 18 فیصد جبکہ آج 45 فیصد ہے، ہمارے دور سے 3 گنا زیادہ۔ اُنہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنی عدلیہ کی عزت کی ہے، ن لیگ عدلیہ سے کہہ رہی ہے عمران خان کے خلاف ایکشن لو، ن لیگ شرم سے ڈوب جاؤ۔ جن کو مسلط کیا گیا یہ وہی کریں گے جس کا انہیں اپنے بیرونی آقاؤں سے حکم ملے گا۔ نوازشریف نے ڈنڈوں سے سپریم کورٹ پر حملہ کیا، جسٹس سجاد کو بریف کیس چلا کر ہٹایا۔ عدلیہ مضبوط نہیں ہوگی تو عوام کے حقوق کی حفاظت کون کرے گا؟ انتقامی کارروائیاں ہوتی رہیں تو ہم اسلام آباد کا رخ کریں گے اور آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔