تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کریں گے: وزیر تعلیم بلوچستان
شائع شدہ تاریخ 16 جون, 2020
کوئٹہ: بلوچستان کے وزیر تعلیم سردار یار محمد رند نےکہا ہے کہ تعلیمی اداروں کے کھولنے کا فیصلہ چاروں صوبوں کی مشاورت سے ہوگا۔ سردار یا رمحمد رند نے کہا ہمیں احساس ہے کہ کورونا وائرس کے باعث تعلیمی ادارے ڈھائی تین ماہ سے بند ہیں مگر یہ اقدام بچوں کی صحت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں اوراساتذہ کی زندگیاں عزیز ہیں ،نجی اسکولز کو چند پیسوں کیلئے بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے نہیں دیں گے لہٗذا تعلیمی اداروں کے کھولنے کا فیصلہ چاروں صوبوں کی مشاورت سے ہوگا۔ یہ بھی پڑھیںکورونا، پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 111 اموات وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ کورونا کی صورتحال کے پیش نظر صوبے کے 12 ہزار اسکولوں میں آئی ٹی ماہر بھرتی اور آئی ٹی لیب بنانے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ طلبہ کو آن لائن تعلیم دی جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بجٹ میں ہر ضلع میں ایک ریذیڈنشل اسکول جب کہ ہر یونین کونسل میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت اسکولز کے قیام کی تجویز دے دی ہے ، اس کے علاوہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے حوالے سے دس میگا پروجیکٹ رکھے جارہے ہیں۔