نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیدیا۔ این سی او سی کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اسلام آباد سمیت زیادہ کیسز والے منتخب اضلاع میں 4 سے 12 ستمبر تک اضافی پابندیاں نافذ کی تھیں، جن کے مطابق وہاں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں بند، بین الاضلاعی نقل و حمل پر پابندی عائد کی گئی، ان ڈور اور آؤٹ ڈور اجتماعات پر بھی پابندی لگادی گئی تھی جبکہ شادی کی آؤٹ ڈور تقریبات میں صرف 300 افراد کو شرکت کی اجازت تھی اور جمز بھی مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، ان پابندیوں میں 15 ستمبر تک توسیع کردی گئی تھی۔ اب میڈیا پر اسکولوں کی بندش سے متعلق چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے این سی او سی نے وضاحت کی ہے کہ تعلیمی ادارے بند ہونے کی جھوٹی خبر گردش کر رہی ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں 15 ستمبر تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کے متعلق آئندہ اجلاس میں ہونیوالے فیصلے سے میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔