پاکستان اور ترکی ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے مددگار رہے ہیں ، ترک سفیر طبی عملے کی حفاظت کیلئے ماسک اور دوسرا حفاظتی سامان اہمیت کا حامل ، عون عباس اسلام آباد: پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی نے کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے طبی عملے کی حفاظت کے پیش نظر 50ہزار سرجیکل ماسک منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی کو پیش کیے ۔ یہ ماسک ترکی کی فلاحی تنظیم ایجنسی کو آرڈی نیشن اینڈ کو آپریشن ترکش کی طرف سے فراہم کیے گئے ۔ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان اور ٹکا تنظیم کے سربراہ امت گوکھن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے مددگار رہے ہیں اور اس عالمی وباء کے خلاف جنگ میں بھی ہم مل کر مقابلہ کریں گے ۔وزیر مملکت علی محمد خان نے دونوں ممالک کے پر خلوص اور برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے امداد پر اظہار تشکر کیا۔ عون عباس بپی نے کہا کہ اگلے محاذوں پر کورونا کے خلاف لڑنے والے طبی عملے کی حفاظت کے لیے سرجیکل ماسک اور دوسرا حفاظتی سامان انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔