افسران عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے جلد از جلد مکمل کریں،معاون خصوصی وزیراعلیٰڈی سی ایسٹ کے دفتر میں سالانہ ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے افسران کے ساتھ اجلاس کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کے کسی بھی ضلع میں ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی اور تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی ایسٹ کراچی کے دفتر میں سالانہ ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے صوبائی حکومت کے مختلف محکموں کے افسران کے ساتھ اجلاس میں کیا۔ وقار مہدی کے ہمراہ چیف منسٹر انسپکشن ٹیم کے افسران بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں ضلع شرقی میں مختلف ترقیاتی کاموں کی رفتار پر تبادلہ خیال کیا گیا اور افسران سے مختلف محکموں میں جاری اسکیموں پر باز پرس کی گئی۔ اس موقع پر چند افسران نے مختلف ترقیاتی اسکیموں میں کے الیکٹرک کی طرف سے حائل رکاوٹوں کا ذکر کیا جس پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی نے اپنے عملے کو تاکید کی کہ آئندہ اجلاس میں کے الیکٹرک کے افسران کو بھی طلب کیا جائے ۔ اس موقع پرکراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی مختلف اسکیموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پیر کالونی میں زیر تعمیر 100 بستروں پر مشتمل اسپتال، جمشید ٹاؤن میں شعبہ صحت کے ڈائیگنوسٹک سینٹر کے ترقیاتی کام اور اس پر آنے والی لاگت پر بھی بات چیت کی گئی ۔ وقار مہدی نے افسران کو عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے کی تاکید کی۔