سلیکٹڈطبقے سے چھٹکاراوقت کی ضرورت ہے ، کارکن بھرپورتیاریاں شروع کردیںعام آدمی سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے ،شیرشاہ میں یوسی سطح کے اجلاس سے خطاب کراچی : جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ 27 فروری کو ہونے والی تحفظ آئین پاکستان کانفرنس ملک میں انصاف کی حکمرانی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی۔ اہل کراچی بھر پور شر کت کرکے سلیکٹڈ اور نااہل حکومت کا بوریا بستر گول کردیں، سلیکٹڈ طبقے سے چھٹکارا وقت کی ضرورت ہے ۔ کارکن بھر پور تیاریاں شروع کردیں۔ وہ شیر شاہ یوسی 2 کے امیر اور پی ایس 114 کے نائب امیر مولانا عطاء اللہ کی رہائش گاہ پر پی ایس 114 اور یوسی 2 کی مجلس عاملہ اور عمومی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس کی صدارت پی ایس 114 کے امیر مولانا گل رفیق حسن زئی اور مولانا عطاء اللہ نے کی۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ حکومت ملک اور قوم کیلئے عذاب بن چکی ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، پٹرولیم مصنوعات، گیس اور بجلی کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافے نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ ادویات اور اشیائے خورو نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ عام آدمی سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے ۔ چور راستے سے اقتدار پر قابض قوتوں کو گھر جانا ہوگا۔ ملکی معیشت کا بھٹہ بٹھاکرپوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں پی ایس 114 اور یوسی 2 شیر شاہ کی مجلس عاملہ کے مشترکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس 114 کی تمام یوسیز کے قافلے ہارون آباد مین روڈ اور بڑا بورڈ پر جمع ہو کر جلوس کی شکل میں پی ایس کے امیر مولانا گل رفیق حسن زئی، جنرل سیکریٹری حاجی عزیز الرحمن عزیز اور دیگر یوسیز کے ذمہ داران کی قیادت میں اسلامیہ کالج روانہ ہوں گے۔