ریفرنس اسپیکر قومی اسمبلی آفس میں جمع کرایا گیا،آصف زردای نے بطور صدر توشہ خانہ سے تین گاڑیاں خریدی تھیں،زلفی بخاری تحریک انصاف نے سابق صدر آصف زرداری کی نا اہلی کیلئے ریفرنس جمع کرا دیا۔زلفی بخاری اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی آفس میں ریفرنس جمع کرایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف زرداری کیخلاف شواہد بھی ریفرنس کے ساتھ لف کئے گئے ہیں۔ ریفرنس جمع کرانے کے بعد رہنما تحریک انصاف زلفی بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آصف زرداری کیخلاف دائر ریفرنس بہت اہم ہے،سابق صدر کیخلاف ریفرنس نا اہلی کیلئے دائر کیا ہے۔ آصف زرداری کی این اے 213 سے نا اہلی ہونی چاہیے۔آصف زرداری نے بطور صدر تین گاڑیاں خریدیں تھیں۔قانون کے مطابق توشہ خانہ سے گاڑیاں نہیں خریدی جا سکتیں۔ انکا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے فروری 2009 میں آصف زرداری کو گاڑیاں خریدنے کی اجازت دی تھی۔ یوسف رضا گیلانی نے سابق صدر کو فائدہ پہنچانے کیلئے سمری منظور کرائی۔وزیرا عظم کے پاس اتھارٹی نہیں کہ وہ اجازت دے سکیں۔ زلفی بخاری نے کہا کہ آصف علی زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں حاصل کیں۔آصف زرداری نے توشہ خانہ کو لکھا قیمت بتائیں ہم رقم جمع کرا دیں گے۔ افتخار درانی نے کہا کہ جب تک یہ لوگ مسلط ہیں عوام سکھ کا سانس نہیں لے سکتے،یہ ایوان کئی بار ذاتی مفاد کیلئے استعمال ہوا۔ایک شخص ملک سے فرار ہوا اور اب اسے واپس لا کر وزیر خزانہ بنا دیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے خلاف بھی توشہ خانہ ریفرنس جمع کرایا۔ یوسف رضا گیلانی کیخلاف ریفرنس سینیٹ میں جمع کرایا گیا۔ریفرنس میں یوسف رضا گیلانی کی اہلیت پر سوالات اٹھائے گئے۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، ریفرنس میں استدعا کی گئی کہ یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ سے ڈی سیٹ کیا جائے،وہ سینیٹ کے رکن نہیں رہ سکتے۔ اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے بطور وزیراعظم 2008 میں توشہ خانہ سے 4 گاڑیاں لیں اور 3 گاڑیاں آصف زرداری کو دیں۔