سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 14 ویں برسی آج 27 دسمبر کو منائی جائے گی، پیپلزپارٹی نے برسی کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ بے نظیر بھٹو کی برسی منانے کے لئے گڑھی خدا بخش میں انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ سندھ حکومت نے 27 دسمبر کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان بھی کیا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد ميں پڑاؤ ڈال ليا، وہ کل گڑھی خدا بخش ميں شہيد بے نظير بھٹو کی برسی کی تقريب ميں شرکت نہيں کريں گے۔ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں کريں گے جبکہ بی بی شہيد کی برسی کے موقع پر جلسے سے بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ، فرحت اللہ بابر اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کوئی بڑی سیاسی چال چلنے والے ہیں، زرداری صاحب جب بھی متحرک ہوتے ہیں حکومت کو خطرہ لگ جاتا ہے حکومت کی بوکھلاہٹ سے لگتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے۔ بے نظیر بھٹو سے متعلق رحمٰن ملک کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر تھیں اور اس کتاب میں منصوبہ سازوں، ہینڈلرز اور سہولت کاروں کے پر اسرار قتل کی تفصیل موجود ہیں۔ یاد رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی لیاقت باغ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کے بعد اس وقت شہید کر دیا گیا جب وہ جلسہ ختم ہونے کے بعد واپس جا رہی تھیں۔