کورونا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے شہریوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے ، وسیم اخترلانڈھی کارڈیک سینٹر میں آئسولیشن رومز کا دورہ، فلٹر کلینک قائم کرنے کی ہدایت کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے لانڈھی کارڈیک سینٹر میں کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں بنائے گئے آئسولیشن رومز کا دورہ کیا اور ہدایت کی کہ فوری طور پر سینٹر میں فلٹر کلینک کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لانڈھی،کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کے لئے اس کارڈیک سینٹر میں تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے علاج معالجے کی خصوصی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ میٹرو پولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ کارڈیک سینٹر کی پہلی اور دوسری منزل پر 24 آئسولیشن رومز تیار کر لئے گئے ہیں، اگر ضرورت پڑی تو مزید آئسولیشن رومز اور وارڈز بنائے جائیں گے۔ میئر کراچی نے اسپتال کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے ہدایت دی کہ کارڈیک سینٹر اور خصوصی طور پر کورونا وائرس کے حوالے سے تیار کئے گئے رومز کے راستے علیحدہ علیحدہ رکھے جائیں، یہاں آنے والے تمام مریضوں کے لئے ماسک اور سینی ٹائزر کا انتظام کیا جائے اور مقامی لوگوں کے لئے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چند دنوں کی بات ہے ان شاء اللہ بہت جلد کراچی کورونا کے خوف سے نکل آئے گا اور رونقیں و رعنائیاں دوبارہ بحال ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں جس چیلنج کا سامنا ہے اس سے نمٹنے کے لئے شہریوں کے تعاون کی ضرورت ہے ، انتظامیہ سے شہریوں کا سب سے بڑا تعاون یہ ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ اپنے گھروں میں رہیں تاکہ وائرس میں مبتلا ہونے سے بچ سکیں۔