بھارت کو جنوبی افریقا کے خلاف اشتہار مہنگا پڑ گیا، براڈکاسٹر نے ڈیلیٹ کر دیا

شائع شدہ تاریخ 23 فروری, 2026
بھارت-کو-جنوبی-افریقا-کے-خلاف-اشتہار-مہنگا-پڑ-گیا،-براڈکاسٹر-نے-ڈیلیٹ-کر-دیا

اتوار کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 76 رنز سے عبرت ناک شکست دی۔

جنوبی افریقا کے 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 111 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں رنز کے اعتبار سے بھارت کی سب سے بڑی شکست ہے۔2010 کے ورلڈکپ میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں 49 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جنوبی افریقا کےخلاف  میچ سے قبل بھارت بمقابلہ جنوبی افریقا کی تشہیر کے لیے بھارتی براڈ کاسٹر کی جانب سے ایک پرومو جاری کیا گیا، جس میں “کپ کیک”  کے ذریعے جنوبی افریقا کی ٹیم کو کمزور اور بھارتی ٹیم کو مضبوط دکھایاگیا۔

پرومو میں ایک بھارتی اور جنوبی افریقی کرکٹ فین کو ریسٹورنٹ میں میز پر رکھےکپ کیک کی جانب جاتے دکھایا گیا۔ جنوبی افریقی فین  بھارتی فین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے  کپ کیک کو اٹھالیتا ہے اور اسے سوری کہتا ہے۔

اس دوران بھارتی فین جنوبی افریقی فین کو نیچا دکھاتے ہوئے کہتا ہے کہ کوئی بات نہیں ، پر سوری 2024 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ہم جیتے تھے اور آنے والا سپر 8 کا میچ بھی ہم جیتیں گے، آپ یہ کپ کیک ہی رکھ لو۔